محمد خان لنڈ اسکول بنیادی سہولیات سے محروم،عمارت خستہ حال،کلاس رومز اور اساتذہ کی کمی

تھرپارکر(رپورٹ: میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے)تھرپارکر کی تحصیل کلوئی میں قائم گورنمنٹ ایلیمنٹری اینڈ لوئر سیکنڈری اسکول محمد خان لنڈ کلوئی کی عمارت طویل عرصے سے خستہ حالی کا شکار ہے، جبکہ کلاس رومز اور اساتذہ کی کمی، بجلی اور پینے کے صاف پانی سمیت متعدد بنیادی سہولیات کے فقدان کے باعث طلبہ کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

اسکول کو درپیش مسائل کے باوجود ادارے سے وابستہ اساتذہ اپنی محنت، دیانت داری اور ذمہ داری کے ساتھ تعلیمی عمل جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اساتذہ طلبہ کو نصابی تعلیم دینے کے ساتھ ساتھ ان کی تربیت، اخلاق اور نظم و ضبط پر بھی خصوصی توجہ دے رہے ہیں، جس کے باعث محدود وسائل کے باوجود ادارے کی تعلیمی ساکھ برقرار رکھنے کی کوششیں جاری ہیں۔

والدین کا کہنا ہے کہ اسکول کی عمارت، کلاس رومز، اساتذہ، بجلی اور پینے کا صاف پانی جیسی بنیادی سہولیات طلبہ کا حق ہیں، لہٰذا متعلقہ حکام کو چاہیے کہ مسائل کا فوری نوٹس لے کر اسکول میں مطلوبہ سہولیات فراہم کی جائیں۔

دوسری جانب والدین پر بھی زور دیا گیا ہے کہ وہ اپنے بچوں کے بہتر مستقبل کے لیے اسکول کو درپیش مسائل پر بھرپور آواز اٹھائیں، متعلقہ حکام تک اپنی آواز پہنچائیں اور اساتذہ، اسکول انتظامیہ اور مقامی برادری کے ساتھ مل کر مسائل کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

شہریوں اور سماجی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ تعلیمی ادارے کی ترقی صرف اساتذہ کی ذمہ داری نہیں بلکہ والدین، معاشرے اور حکومت کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ اگر تمام فریق سنجیدگی سے اپنا کردار ادا کریں اور متعلقہ حکام اسکول کے بنیادی مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کریں تو محدود وسائل رکھنے والا یہ ادارہ بھی علاقے کے لیے ایک بہترین تعلیمی مرکز بن سکتا ہے۔

یاد رہے کہ اس اسکول میں سیکڑوں طلبہ زیرِ تعلیم ہیں، جبکہ تعلیم کے حوالے سے اسے ضلع کے نمایاں اور تسلیم شدہ اسکولوں میں شمار کیا جاتا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button