پولیس ملازمین کی تنخواہوں میں کٹوتی اور مبینہ کرپشن کیس، سابق آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی بری

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) اینٹی کرپشن عدالت نے پولیس ملازمین کی تنخواہوں میں غیر قانونی کٹوتیوں اور مبینہ کرپشن کے کیس میں سابق آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی سمیت دیگر ملزمان کو بری کر دیا۔

عدالت سے بری ہونے والے دیگر ملزمان میں ایس ایس پی تنویر احمد طاہر اور محکمہ ورکس اینڈ سروسز کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر علی اصغر کلہوڑو بھی شامل ہیں۔

پراسیکیوشن کے مطابق ملزمان کے خلاف مقدمہ نیب سے اینٹی کرپشن کو منتقل کیا گیا تھا۔ کیس میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ ملزمان نے اے جی سندھ آفس کی مبینہ ملی بھگت سے پولیس ملازمین کی تنخواہوں سے غیر قانونی کٹوتیاں کیں۔

استغاثہ کا مؤقف تھا کہ تنخواہوں میں کٹوتیوں کے ذریعے کروڑوں روپے کی مبینہ کرپشن کی گئی، جبکہ ملزمان پر اختیارات کے ناجائز استعمال، سرکاری فنڈز میں خورد برد اور دیگر مالی بے ضابطگیوں کے الزامات بھی عائد کیے گئے تھے۔

تاہم اینٹی کرپشن عدالت نے مقدمے میں سابق آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی، ایس ایس پی تنویر احمد طاہر اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر علی اصغر کلہوڑو کو بری کرنے کا حکم دے دیا۔

مزید خبریں

Back to top button