ماتلی:پیٹرول پمپس کیخلاف کریک ڈاؤن، مقررہ نرخ سے زائد وصولی اور پیمائش میں کمی پربھاری جرمانے عائد

ماتلی (رپورٹ ایم آر گدی/جانو ڈاٹ پی کے) شہریوں کی جانب سے پیٹرول مقررہ نرخ سے زائد قیمت پر فروخت کیے جانے کی شکایات پر اسسٹنٹ کمشنر ماتلی راشد علی چنا اور مختیارکار مصعب جونیجو نے نوٹس لیتے ہوئے مختلف پیٹرول پمپس کے خلاف کارروائی کی۔ اس سلسلے میں اسسٹنٹ مختیارکار محمد اشرف رستمائی، مختیارکار یو ٹی ہری رام، ریونیو ٹیم اور پولیس کے ہمراہ ماتلی شہر، ماتلی۔حیدرآباد بائی پاس روڈ، ٹنڈو غلام علی بائی پاس روڈ اور ٹنڈو غلام علی روڈ پر قائم پیٹرول پمپس پر چھاپے مارے گئے۔ کارروائی کے دوران متعدد پیٹرول پمپس پر پیمائش میں کمی اور سرکاری طور پر مقررہ نرخ سے زائد قیمت وصول کرنے کے شواہد سامنے آنے پر مالکان کے خلاف قانونی کارروائی کرتے ہوئے ان سے ہزاروں روپے جرمانہ وصول کیا گیا۔ حکام کے مطابق شہریوں کی جانب سے مسلسل شکایات موصول ہو رہی تھیں کہ بعض پیٹرول پمپس پر پیٹرول مہنگے داموں فروخت کیا جا رہا ہے، جس کے بعد ریونیو ٹیم نے اچانک معائنہ کرتے ہوئے خلاف ورزیوں میں ملوث پمپ مالکان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی۔#



