وزیراعظم شہباز شریف کا جلد اسپورٹس کانفرنس بلانے کا اعلان

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کانفرنس میں کھیلوں سے وابستہ نمائندوں کے علاوہ ماضی اور حال کے نامور کھلاڑی بھی شریک ہوں گے۔ پاکستان کھیلوں کے میدان میں اپنا پرچم دوبارہ بلند کرے گا اور اس مقصد کے لیے اجتماعی کوششیں کرنا ہوں گی۔
شہباز شریف نے کہا کہ کھلاڑیوں کو چیک دینا ان پر کوئی احسان نہیں بلکہ ان کا حق ہے۔ باصلاحیت کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی، تربیت اور صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے مؤثر اقدامات کرنا ضروری ہیں تاکہ وہ بین الاقوامی مقابلوں میں ملک کی نمائندگی کرتے ہوئے مزید کامیابیاں حاصل کر سکیں۔
وزیراعظم نے ماضی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سرکاری ادارے کھیلوں کے نامور کھلاڑیوں کو مناسب وسائل فراہم کرتے تھے، جن کی مدد سے انہوں نے عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کیا۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے شعبے کو دوبارہ مضبوط بنانے کے لیے کھلاڑیوں کو ضروری سہولیات اور مواقع فراہم کرنا ہوں گے۔
انہوں نے کرکٹ میں پاکستان کی نمایاں کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے اسکواش کے عظیم کھلاڑیوں جہانگیر خان اور جان شیر خان کی خدمات کو بھی سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک وقت تھا جب عالمی ہاکی میں پاکستان کا طوطی بولتا تھا۔ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو مختلف شعبوں میں کامیابیاں عطا کی ہیں اور کھیلوں میں بھی دوبارہ نمایاں مقام حاصل کرنے کے لیے کوششیں کرنا ہوں گی۔



