پاکستان میں بین الاقوامی ہاکی کی واپسی، کینیڈین ٹیم فروری 2027 میں اسلام آباد آئے گی

پاکستان ہاکی فیڈریشن نے 8 سے 21 فروری 2027 تک اسلام آباد میں کینیڈا کی قومی ہاکی ٹیم کے خلاف دوطرفہ سیریز کے انعقاد کے لیے تیاریوں اور میزبانی کی آمادگی کی باضابطہ تصدیق کر دی ہے۔
یہ مجوزہ سیریز پاکستان میں بین الاقوامی ہاکی کی بحالی اور فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔ اس سے دونوں ممالک کے درمیان کھیلوں کے روابط مضبوط بنانے اور پاکستانی کھلاڑیوں کو بین الاقوامی سطح پر مقابلے کا تجربہ فراہم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن، وزارتِ بین الصوبائی رابطہ اور متعلقہ وفاقی حکام کے تعاون سے کینیڈین ٹیم کے دورے کے لیے رہائش، ٹرانسپورٹ، کھیلوں کی سہولیات اور سیکیورٹی سمیت ضروری انتظامات مکمل کرے گی۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر اور وفاقی سیکریٹری وزارتِ بین الصوبائی رابطہ محی الدین احمد وانی نے مجوزہ دورے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے پاکستان میں بین الاقوامی ہاکی کے فروغ اور پاکستان و کینیڈا کے درمیان کھیلوں کے تعلقات مزید مستحکم کرنے کا اہم موقع قرار دیا ہے۔
سیریز کے دوران دونوں ممالک کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کو بین الاقوامی مقابلوں میں حصہ لینے، تجربات کا تبادلہ کرنے اور ہاکی کی ترقی میں کردار ادا کرنے کا موقع ملے گا۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے امید ظاہر کی ہے کہ کینیڈین ٹیم کا دورہ پیشہ ورانہ انداز میں مکمل کیا جائے گا اور شائقین کو معیاری ہاکی دیکھنے کو ملے گی۔



