کراچی میں ڈبل ڈیکر بسوں کی آمد کی راہ ہموار، پہلی کھیپ نومبر 2026 تک پہنچنے کی یقین دہانی

شرجیل انعام میمن سے یوٹونگ بس مینوفیکچرنگ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر رابن شین نے ملاقات کی، جس میں سندھ میں الیکٹرک بسیں متعارف کرانے کے لیے تعاون اور معاونت کی پیشکش کی گئی۔ اس اقدام کا مقصد صوبے میں ماحول دوست سفری سہولیات کو فروغ دینا ہے۔
سینئر وزیر نے ہائیگر بس کمپنی کے نائب صدر لیو ژینگ سے بھی ملاقات کی، جس میں کراچی میں ڈبل ڈیکر بسوں کی فراہمی کے عمل کو تیز کرنے پر زور دیا گیا۔ کمپنی کے نمائندوں نے یقین دہانی کرائی کہ بسوں کی پہلی کھیپ نومبر 2026 تک فراہم کر دی جائے گی۔
ملاقاتوں میں گرین انرجی کے فروغ اور سندھ کے ٹرانسپورٹ نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے مختلف تجاویز پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر سیکریٹری منصوبہ بندی و ترقی نجم شاہ، سیکریٹری ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ اسد ضامن اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ حکومتِ سندھ کراچی سمیت پورے صوبے میں ٹرانسپورٹ کی سہولیات بہتر بنانے کے لیے متعدد اقدامات پر کام کر رہی ہے۔ بی آر ٹی کی مختلف لائنوں کو فعال اور آپریشنل بنانا اور شہریوں کو معیاری، جدید اور مؤثر سفری سہولیات فراہم کرنا حکومتی ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ماحول دوست ٹرانسپورٹ کا فروغ صوبائی حکومت کی پالیسی کا اہم حصہ ہے اور اس مقصد کے لیے سرمایہ کاری اور بین الاقوامی تعاون کے نئے مواقع سے فائدہ اٹھایا جا رہا ہے۔



