جے ایس ایم یو کے طلبہ کا منفرد اقدام، مریضوں کی طبی تاریخ لینے کیلئےکثیراللسانی ہینڈ بک متعارف

یہ ہینڈ بک سندھ میڈیکل کالج کے انٹرنل میڈیسن انٹرسٹ گروپ کے تحت تیار کی گئی ہے۔ اس میں انگریزی، اردو، سندھی، پشتو، پنجابی، بلوچی اور سرائیکی زبانیں شامل ہیں۔ یہ مفت ڈیجیٹل وسیلہ طبی طلبہ کو مریضوں کی علامات سمجھنے، ان سے مؤثر گفتگو کرنے اور ان کی طبی تاریخ درست انداز میں حاصل کرنے میں مدد دے گا۔
منصوبہ شعبۂ پیتھالوجی کی ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر صدف رزاق اور سندھ میڈیکل کالج کی پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر امبرین عثمانی کی نگرانی میں مکمل کیا گیا۔ ہینڈ بک کی تیاری میں سری لنکا سے تعلق رکھنے والے ایم بی بی ایس فائنل ایئر کے طالب علم اور انٹرنل میڈیسن انٹرسٹ گروپ کے سابق صدر عبدالتواب اسحاق نے کلیدی کردار ادا کیا۔
اس موقع پر جے ایس ایم یو کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر امجد سراج میمن نے کہا کہ اس اقدام کا بنیادی مقصد طبی ماحول میں زبان کی رکاوٹیں ختم کرنا اور مختلف لسانی پس منظر رکھنے والے مریضوں کے ساتھ واضح اور مؤثر رابطے کو ممکن بنانا ہے۔
طبی ماہرین کے لیے مریض کی علامات، سابقہ بیماریوں اور دیگر ضروری معلومات کو درست طور پر سمجھنا اہم ہوتا ہے۔ ایسے میں یہ ہینڈ بک طبی طلبہ کے لیے معاون ثابت ہو سکتی ہے، خصوصاً ان مریضوں کے معاملے میں جو اردو یا انگریزی کے بجائے اپنی علاقائی زبان میں بات کرنے کو ترجیح دیتے ہیں۔



