تھرپارکر:شادی کا بہانہ بنا کر معذور نوجوان سے مبینہ طور پر لاکھوں روپے کا فراڈ

تھرپارکر(جانوڈاٹ پی کے)سوجا ویری کے رہائشی معذور نوجوان پرڀو مل نے الزام عائد کیا ہے کہ گاؤں میگھی جو تڑ کے رہائشی سنڀو ولد مادھو مل نے ایک مبینہ پاکھنڈی بھگت کے ساتھ مل کر شادی کروانے کے بہانے اس سے لاکھوں روپے لے کر فراڈ کیا ہے۔
پرڀو لال نے دہائی دیتے ہوئے بتایا کہ ابتدا میں سنڀو مل اس کے پاس شادی کی بات لے کر آیا، جس پر اس نے انکار کر دیا، تاہم بعد میں وہ ایک پاکھنڈی بھگت کو اپنے ساتھ لے آیا۔ نوجوان کے مطابق، اس کے بعد مختلف بہانوں سے اس سے رقم طلب کی جاتی رہی اور وہ رقم دیتا رہا۔
معذور نوجوان کا مزید الزام ہے کہ شادی کروانے کی یقین دہانی کے باوجود جب اس نے اپنی رقم واپس لینے کے لیے لوگوں کو بھیجا تو مبینہ طور پر جواب دیا گیا کہ انہوں نے اس سے کوئی رقم لی ہی نہیں۔
پرڀو لال نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کا نوٹس لے کر شفاف تحقیقات کرائی جائیں، اس سے مبینہ طور پر لی گئی رقم واپس دلائی جائے اور اگر الزامات ثابت ہوں تو فراڈ میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔



