بھارت کشمیر کی متنازع حیثیت تبدیل نہیں کر سکتا، پاکستان کا دوٹوک مؤقف

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) دفتر خارجہ کے ترجمان سجاد حیدر خان نے کہا ہے کہ بھارت اپنے دعوؤں اور ہتھکنڈوں کے ذریعے کشمیر کی متنازع حیثیت تبدیل نہیں کر سکتا، مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر موجود حل طلب مسئلہ ہے۔

ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں جاری ہیں۔ پاکستان کشمیری رہنما یاسین ملک کی غیر قانونی قید اور صحت کی صورتحال پر بھی شدید تشویش کا اظہار کرتا ہے اور عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کرتا ہے کہ ان کی صحت کا جائزہ لیا جائے۔

سجاد حیدر خان نے کہا کہ یاسین ملک کا بیانِ حلفی بھارتی عدالتی نظام کے منہ پر طمانچہ ہے۔ پاکستان یاسین ملک کی غیر قانونی قید کی مذمت کرتا ہے۔

ترجمان نے 5 ستمبر کو بھارتی شہر سہارنپور میں قدیم مسجد مسمار کیے جانے کی بھی شدید مذمت کی اور کہا کہ مذہبی آزادیوں کا احترام کیا جانا چاہیے، کسی بھی مذہبی مقام کے خلاف کارروائی قابل مذمت ہے۔

سعودی عرب پر حوثی حملوں کے حوالے سے سجاد حیدر خان نے کہا کہ پاکستان ان حملوں کی شدید مذمت کرتا ہے اور سعودی قیادت و عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے وزیراعظم شہباز شریف کے دورۂ کرغزستان کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس دوران دونوں ممالک نے باہمی تعلقات اور تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا، جبکہ پاکستان اور کرغزستان کے درمیان متعدد مفاہمتی یادداشتوں پر بھی دستخط ہوئے۔

انہوں نے بتایا کہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے مصر کے وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، جس میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر ملاقات پر اتفاق کیا۔

ترجمان کے مطابق اسحاق ڈار نے ناروے کے وزیر خارجہ سے بھی رابطہ کیا اور ناروے کے بادشاہ ہیرالڈ پنجم کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے شاہی خاندان اور ناروے کے عوام سے ہمدردی کا اظہار کیا۔

انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے 7 ستمبر کو کویت کے وزیر خارجہ سے ٹیلی فون پر گفتگو کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر ملاقات پر اتفاق کیا۔

سجاد حیدر خان نے کہا کہ 9 ستمبر کو نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے مصری وزیر خارجہ سے دوبارہ رابطہ کیا، جس میں قومی اور علاقائی پیش رفت پر تبادلہ خیال ہوا اور دونوں جانب سے قریبی مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

غزہ کی صورتحال پر ترجمان نے کہا کہ پاکستان سمیت عرب اور اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ نے فلسطینیوں کی جبری بے دخلی سے متعلق اسرائیلی بیانات اور تجاویز مسترد کر دی ہیں اور آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے مطالبے کی حمایت کا اعادہ کیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر پاکستان نے نیپال کے سیلاب متاثرین کے لیے 100 ٹن امدادی سامان بھیجا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان 4 سے 11 اپریل 2027 تک سیف گیمز کی میزبانی بھی کرے گا۔

گلوبل گورننس انیشی ایٹو کے حوالے سے سجاد حیدر خان نے کہا کہ یہ چین کا اہم منصوبہ ہے اور پاکستان بھی اس کا حصہ ہے، پاکستان اس منصوبے کے تحت چین کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہے۔

منشیات کے خلاف کارروائی کے حوالے سے ترجمان نے بتایا کہ اینٹی نارکوٹکس فورس نے ایک بڑے منشیات نیٹ ورک کو توڑا ہے، جس کا سرغنہ افغان شہری تھا۔ کراچی بندرگاہ پر سری لنکن حکام کے ساتھ رابطے کے بعد کارروائی میں 200 کلوگرام منشیات قبضے میں لی گئی۔ پاکستان نے منشیات کے خلاف کارروائی میں تعاون پر دوست ممالک کا شکریہ بھی ادا کیا۔

مزید خبریں

Back to top button