دیپالپور میں سابقہ رنجش پر نوجوان قتل، ملزم گرفتار

دیپالپور (وسیم احمد غوری/تحصیل رپورٹر/جانو ڈاٹ پی کے)دیپالپور کے علاقے چورستہ میاں خاں میں سابقہ رنجش پر فائرنگ سے محمد امیر نامی نوجوان قتل ہو گیا جبکہ مقامی پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے مبینہ قاتل علی حیدر کو گرفتار کر لیا۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب مقتول محمد امیر نوریکی سے اپنے گھر چورستہ میاں خاں جا رہا تھا کہ گھات لگائے ملزم علی حیدر نے فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں محمد امیر شدید زخمی ہو گیا جو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔ واقعہ کے بعد ملزم جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا تھا۔ اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس فوری موقع پر پہنچ گئی اور ملزم کا تعاقب کر کے اسے گرفتار کر لیا۔ پولیس نے کارروائی کا آغاز کر دیا ہے جبکہ جاں بحق ہونے والے نوجوان کی نعش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ٹی ایچ کیو ہسپتال دیپالپور منتقل کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق قتل کی وجہ سابقہ رنجش بتائی جا رہی ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔



