ولیکا ہسپتال میں بچوں میں ایچ آئی وی پھیلنے کا معاملہ، وفاقی حکومت سے جے آئی ٹی بنانے کا مطالبہ

کراچی(ویب ڈیسک) ولیکا ہسپتال میں مبینہ طبی غفلت کے باعث بچوں میں ایچ آئی وی پھیلنے کے معاملے پر متاثرہ بچوں کے وکیل ایڈووکیٹ طارق منصور نے وفاقی حکومت سے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دینے کا مطالبہ کردیا ہے۔
متاثرہ بچوں کی پیروی کرنے والے وکیل طارق منصور نے الزام عائد کیا ہے کہ سندھ حکومت اس معاملے کو دبانے کی کوشش کر رہی ہے۔ ان کے مطابق ولیکا ہسپتال میں مبینہ طبی غفلت کے باعث 169 سے زائد بچے ایچ آئی وی سے متاثر ہو چکے ہیں، جبکہ متاثرہ بچوں کی تعداد تقریباً 200 تک پہنچنے کا خدشہ ہے۔
طارق منصور نے دعویٰ کیا کہ ولیکا ہسپتال کے واقعے میں ایچ آئی وی سے متاثر ہونے والے 9 بچے اب تک جاں بحق ہو چکے ہیں۔
وکیل کے مطابق سندھ حکومت کی جانب سے تشکیل دی گئی تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ تاحال جمع نہیں کرائی گئی، جبکہ واقعے کا مقدمہ بھی اب تک درج نہیں کیا گیا۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ وفاقی حکومت پاکستان کمیشن آف انکوائری ایکٹ کی دفعہ 3 کے تحت معاملے کی تحقیقات کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دے، تاکہ واقعے کے حقائق سامنے لائے جا سکیں اور ذمہ داروں کا تعین کیا جا سکے۔
ایڈووکیٹ طارق منصور نے وزیراعظم سے بھی اپیل کی کہ وہ وفاقی سطح پر مشترکہ تحقیقاتی ٹیم بنانے کے احکامات جاری کریں۔ انہوں نے عوام سے مطالبہ کیا کہ وہ متاثرہ بچوں کے لیے انصاف کی آواز بلند کریں اور سوشل میڈیا پر #JusticeForWaleekaHospital کو ٹرینڈ بنائیں۔



