غیر ملکی خاتون سے زیادتی کیس کے ملزم احمد تنویر کے خلاف اغوا کا ایک اور مقدمہ درج

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) غیر ملکی خاتون سے مبینہ زیادتی کے کیس میں نامزد مرکزی ملزم احمد تنویر کے خلاف اغوا اور تشدد کا ایک اور مقدمہ سامنے آ گیا ہے۔ ملزم کو تھانہ اچھرہ میں درج اغوا کے مقدمے میں بھی نامزد کیا گیا ہے۔
پولیس ریکارڈ کے مطابق اغوا کا مقدمہ 23 اکتوبر کو شہری شعیب کے بیان پر تین نامعلوم افراد کے خلاف درج کیا گیا تھا، تاہم بعد ازاں اس مقدمے میں احمد تنویر کو بھی نامزد کیا گیا۔
ایف آئی آر کے مطابق واقعہ 18 اکتوبر کو پیش آیا، جب شہری شعیب کی موٹر سائیکل کو ایک گاڑی نے ٹکر ماری۔ شہری کے بیان کے مطابق اس کے بعد اسے تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور مبینہ ملزمان اغوا کرکے نامعلوم مقام پر لے گئے، جہاں اسے ایک کمرے میں بند کر دیا گیا۔ بعد ازاں شہری کو رہا کر دیا گیا۔
دوسری جانب ماڈل ٹاؤن کچہری نے ملزمان کو 14 روزہ ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق احمد تنویر کے والد ایک معروف فارماسیوٹیکل کمپنی کے مالک ہیں۔ ملزم کے خلاف نئے مقدمے کے سامنے آنے کے بعد کیس سے متعلق مزید قانونی کارروائی متوقع ہے۔



