پاکستان ریلویز میں ہنگامی حالت نافذ، فیلڈ افسران کی 3 ماہ کی چھٹیاں منسوخ

لاہور (جانوڈاٹ پی کے) پاکستان ریلویز میں محفوظ ٹرین آپریشن یقینی بنانے کے لیے ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی ہے، جبکہ فیلڈ افسران کی آئندہ تین ماہ کے لیے تمام چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ ہنگامی اقدامات 31 دسمبر تک برقرار رہیں گے۔
وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کی ہدایت پر جاری اقدامات کے تحت ریلوے افسران کو اتوار کے روز بھی فیلڈ میں جا کر ٹرین آپریشنز کی نگرانی کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
نئے احکامات کے مطابق ریلوے افسران کو سرکاری امور کی انجام دہی کے لیے دوسرے شہر جانے کی صورت میں ٹرین کے ذریعے سفر کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق سول اور مکینیکل شعبوں کے چیف انجینئرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے اپنے شعبوں سے متعلق روزانہ کی بنیاد پر رپورٹس وزارت ریلوے کو ارسال کریں۔ اس کے علاوہ سیفٹی ہیڈ سے بھی روزانہ رپورٹ طلب کی گئی ہے تاکہ ٹرین آپریشنز اور حفاظتی انتظامات کی مسلسل نگرانی کی جا سکے۔
وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا کہ وزیراعظم کے وژن کے مطابق مسافروں کو محفوظ ترین سفر فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے محفوظ ٹرین آپریشن کو یقینی بنانے کے لیے نگرانی اور متعلقہ امور پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی ہے۔



