سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کے گھر چوری، لاکھوں روپے کا سامان غائب، ملازم بھی لاپتا

راولپنڈی(جانوڈاٹ پی کے) سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کی جاتلی کے علاقے ڈھوک امب میں واقع رہائش گاہ پر چوری کی واردات پیش آئی ہے، جہاں نامعلوم ملزمان لاکھوں روپے مالیت کا سامان لے کر فرار ہو گئے۔
راجہ پرویز اشرف کے پرسنل سیکریٹری طیب فضل کی درخواست پر تھانہ جاتلی میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جبکہ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق چور رہائش گاہ سے 3 ایئرکنڈیشنرز، 2 دروازے، 2 کھڑکیاں اور دیگر سامان لے گئے۔ چوری ہونے والی اشیا میں قالین، کراکری، ڈیکوریشن پیسز اور گھاس کاٹنے والی مشین بھی شامل ہیں۔
مقدمے میں بتایا گیا ہے کہ رہائش گاہ کے مختلف مقامات پر تالے ٹوٹے ہوئے پائے گئے۔ واقعے کے بعد گھر پر تعینات ایک گھریلو ملازم بھی مبینہ طور پر غائب ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق ڈیوٹی پر موجود پولیس اہلکاروں نے بتایا کہ مذکورہ ملازم گزشتہ رات سے موجود نہیں، جبکہ اس کا موبائل فون بھی بند ہے۔ پولیس واقعے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لے رہی ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق چوری ہونے والے سامان کی مجموعی مالیت تقریباً 2 لاکھ 70 ہزار روپے بتائی گئی ہے۔



