وزیراعظم شہباز شریف کا کسانوں کو ریلیف، 2027 کیلئے گندم کی مجوزہ قیمت 4500 روپے مقرر

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعظم شہباز شریف نے کسان دوست اقدام کرتے ہوئے 2027 کے لیے گندم کی مجوزہ قیمت 4 ہزار 500 روپے مقرر کرنے کا اعلان کیا ہے۔ پیداواری لاگت کو مدنظر رکھتے ہوئے قیمت میں گزشتہ سال کے مقابلے میں ایک ہزار روپے اضافہ کیا گیا ہے۔
حکومتی فیصلے میں صدر مملکت اور مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی رہنمائی جبکہ وزرائے اعلیٰ پنجاب مریم نواز اور سندھ مراد علی شاہ کی مشاورت شامل ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ملکی زرعی شعبے کے فروغ اور کسانوں کے معاشی تحفظ کے لیے اس فیصلے کو اہم قرار دیتے ہوئے مشاورتی عمل میں تعاون پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے تعاون کو بھی سراہا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ گندم کی مجوزہ قیمت میں اضافے کا مقصد کسانوں کو بڑھتی ہوئی پیداواری لاگت اور مہنگائی کے دباؤ سے ریلیف فراہم کرنا ہے۔ نئی قیمت کے ذریعے کسانوں کو گندم کی کاشت کی ترغیب دینے کے ساتھ ان کے لیے پیداواری اخراجات پورے کرنے اور مناسب منافع حاصل کرنے کے امکانات بہتر بنانے کی کوشش کی گئی ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ مہنگائی کے باعث کسانوں کو مشکلات کا سامنا رہا ہے، جبکہ گزشتہ دو برس کے دوران پاکستان کو گندم درآمد کرنا پڑی۔ ان کے مطابق گندم کی قیمت میں اضافہ ملکی غذائی تحفظ مضبوط بنانے کی جانب اہم پیش رفت ثابت ہو سکتا ہے۔
وزیراعظم نے توقع ظاہر کی کہ اس اقدام سے آئندہ سیزن میں گندم کی ملکی پیداوار میں اضافہ ہوگا، زرعی شعبے کو فروغ ملے گا اور کسانوں کے معاشی تحفظ میں مدد ملے گی۔



