پاکستان کازلمے خلیل زاد کے الزامات پر سخت ردعمل،افغانوں کو مسلح کرنے کے دعوے مسترد

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)وزارت اطلاعات و نشریات نے زلمے خلیل زاد کے ان الزامات کو بے بنیاد اور گمراہ کن قرار دیا ہے کہ پاکستان افغان شہریوں کو طالبان اور ان کے حامی دہشت گرد گروہوں کے خلاف لڑنے کے لیے مسلح کر رہا ہے۔ وزارت کے مطابق ایسے دعوے ذاتی ایجنڈے کا حصہ ہیں، جن کا مقصد طالبان حکومت کو تقویت دینا اور دہشت گردی سے متعلق حقائق سے توجہ ہٹانا ہے۔

وزارت اطلاعات کے بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کے جائز انسدادِ دہشت گردی آپریشنز کو افغان شہریوں کی بھرتی یا مسلح گروہوں کی سرپرستی سے جوڑنا انتہائی گمراہ کن عمل ہے۔ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں صفِ اول کا ملک ہے اور علاقائی امن و سلامتی کے تحفظ کے لیے بے پناہ قربانیاں دے چکا ہے۔بیان میں اقوام متحدہ کی مانیٹرنگ رپورٹس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ افغانستان میں تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) اور القاعدہ سمیت دہشت گرد تنظیموں کی موجودگی اور سرگرمیوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔وزارت اطلاعات کے مطابق زلمے خلیل زاد کے الزامات افغان طالبان کی اس ذمہ داری سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہیں کہ وہ اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال ہونے سے روکیں، بالخصوص ان عناصر کے خلاف کارروائی کریں جنہیں پاکستان بھارتی پراکسیز قرار دیتا ہے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ ایسے بے بنیاد الزامات زلمے خلیل زاد کے متعصبانہ اور مخصوص ایجنڈے پر مبنی خیالات کو ظاہر کرتے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button