لندن میں پاکستان کا بھارت کی دفاعی پالیسی پر اظہارِ تشویش، جنوبی ایشیا کے اسٹریٹجک استحکام کو خطرات لاحق قرار

لندن (جانو ڈاٹ پی کے) بھارت کی ہندوتوا سیاست اور جوہری عزائم جنوبی ایشیا کے امن کے لیے خطرہ ہیں، لیفٹیننٹ جنرل (ر) مظہر جمیل کا انتباہ، جارحیت کرنے والے کو بھاری قیمت چکانا پڑے گی
پاکستان کی نیشنل کمانڈ اتھارٹی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل (ر) مظہر جمیل نے کہا ہے کہ بھارت کی ہندوتوا پالیسی پر مبنی سیاست، توسیع پسندانہ عزائم اور علاقائی بالادستی کی سوچ جنوبی ایشیا میں عدم استحکام کا باعث بن رہی ہے۔
لندن میں انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل اسٹریٹجک اسٹڈیز کے زیرِ اہتمام سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مظہر جمیل نے موجودہ ملکی اور علاقائی صورت حال پر اظہارِ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی جارحانہ عسکری سوچ اور جوہری صلاحیتوں میں تیز رفتار اضافہ جنوبی ایشیا کے اسٹریٹجک استحکام کے لیے خطرہ ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل (ر) مظہر جمیل نے بھارت کی جانب سے جوہری ہتھیار پہلے استعمال نہ کرنے کی پالیسی کے دعوے پر بھی سوالات اٹھائے۔ ان کے مطابق بھارت کا میزائل پروگرام اور دوہری صلاحیتوں کے حامل ہتھیار خطے میں تصادم کے خدشات بڑھا رہے ہیں۔
انہوں نے مئی 2025 کے بحران کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان کے بقول بھارتی جارحیت نے جنوبی ایشیا کو جوہری تباہی کے دہانے تک پہنچا دیا تھا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پاکستان نے بھارتی کارروائیوں کا مؤثر جواب دینے کے بعد ذمہ دارانہ طرزِ عمل اختیار کیا اور کشیدگی کو مزید بڑھنے سے روکا۔
مظہر جمیل نے کہا کہ پاکستان کی دفاعی پالیسی واضح ہے اور کسی بھی جارحیت کی صورت میں مخالف فریق کو بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔ ان کے مطابق پاکستان کا جوہری دفاعی نظام اور فل اسپیکٹرم ڈیٹرنس خطے میں اسٹریٹجک توازن برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔



