’’جتنے تھپڑ مارے اتنے ہی واپس مارو‘‘مریم نواز کی شہری کے ہاتھوں پیٹی گئی لڑکی سے گفتگو،عدالت کا ملزم کورہاکرنےکاحکم

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ انہوں نے خود متاثرہ لڑکی سے بات کی اور اسے مشورہ دیا کہ جس شخص نے اسے جتنی بار تھپڑ مارے تھے، وہ بھی اسے اتنی ہی بار تھپڑ مارے۔
مریم نواز شریف کے مطابق لڑکی نے جواب دیا کہ اس کے لیے یہی کافی ہے کہ حکومت نے اسے تحفظ فراہم کیا، اس کی دیکھ بھال کا احساس دلایا اور یہ یقین دلایا کہ انصاف اس کے ساتھ ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کے اس بیان میں متاثرہ لڑکی کے اس اعتماد کو نمایاں کیا گیا ہے کہ حکومتی حمایت اور انصاف کی یقین دہانی اس کے لیے اہمیت رکھتی ہے۔
قبل ازیں ضلع کچہری لاہور میں اسکوٹی سوار لڑکی پر مبینہ تشدد کرنے کے مقدمے میں بڑی پیش رفت سامنے آئی جبکہ عدالت نے گرفتار ملزم غلام مصطفی کو ضمانت پر رہا کردیا۔عدالت نے ایک لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض رہا کرنے کا حکم دیا اور کہا کہ اگر ملزم کسی اور کرائمنل مقدمے میں مطلوب نہیں ہے تو رہا کیا جائے،پولیس نے ملزم کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کی استدعا کی تھی، تھانہ مزنگ پولیس نے مقدمہ درج کررکھا ہے۔




