پی سی بی ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام، نوجوان کرکٹرز کی قومی ٹیم کے ساتھ قذافی اسٹیڈیم میں ٹریننگ

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے اسکول کرکٹ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے تحت چھ نوجوان کرکٹرز نے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں قومی کرکٹ ٹیم کے ٹریننگ سیشن میں شرکت کی، جہاں انہیں قومی کھلاڑیوں کے ساتھ نیٹ پریکٹس کرنے اور کوچنگ اسٹاف سے سیکھنے کا موقع ملا۔

پی سی بی کے مطابق پروگرام کے لیے منتخب نوجوان کھلاڑیوں نے قومی ٹیم کے تربیتی سیشن کے دوران تجربہ کار کرکٹرز سے رہنمائی حاصل کی۔ اس اقدام کا مقصد باصلاحیت نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں نکھارنے اور مستقبل میں اعلیٰ سطح کی کرکٹ کے لیے تیار ہونے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔

قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے اسکول کرکٹ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کو سراہتے ہوئے کہا کہ نوجوان لیگ اسپنرز اور فاسٹ بولرز میں بہترین صلاحیتیں موجود ہیں۔ انہوں نے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کے اقدام کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ بورڈ نے باصلاحیت نوجوان کرکٹرز کی تلاش کے لیے قابلِ ذکر کام کیا ہے۔

مائیک ہیسن کا کہنا تھا کہ نوجوان کھلاڑیوں کو قومی ٹیم کے ٹریننگ سیشن میں شرکت کا موقع دینا ان کی صلاحیتوں کو بہتر بنانے اور انہیں مستقبل کے چیلنجز کے لیے تیار کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹر بننے کے لیے صرف صلاحیت کافی نہیں، بلکہ مسلسل محنت اور لگن بھی ضروری ہے۔

اس موقع پر قومی ٹیم کے اسٹار کھلاڑیوں بابر اعظم اور فخر زمان نے بھی نوجوان کرکٹرز سے ملاقات کی اور انہیں بین الاقوامی کرکٹ کے تقاضوں سے آگاہ کیا۔ کھلاڑیوں نے نوجوانوں کو ٹریننگ، محنت اور اعلیٰ سطح کی کرکٹ میں کامیابی کے لیے ضروری امور پر رہنمائی فراہم کی۔

اسکول کرکٹ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے فاسٹ بولر عبدالرحمان نے قومی ٹیم کے ساتھ تربیتی سیشن میں شرکت کو یادگار تجربہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ قذافی اسٹیڈیم میں قومی کھلاڑیوں کے ساتھ پریکٹس کرنا ان کے لیے خواب پورا ہونے جیسا ہے۔

نوجوان لیگ اسپنر محمد حسنین نے بھی بابر اعظم اور فخر زمان سے ملاقات کو مفید قرار دیا اور کہا کہ انہیں ٹریننگ سے متعلق اہم باتیں سیکھنے کا موقع ملا۔

پی سی بی کا اسکول کرکٹ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام نوجوان اور باصلاحیت کرکٹرز کی نشاندہی کرنے اور انہیں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے کی کوشش ہے۔ قومی ٹیم کے کھلاڑیوں اور کوچنگ اسٹاف کے ساتھ تربیت سے نوجوانوں کو اپنے کھیل میں بہتری لانے اور مستقبل میں اعلیٰ سطح کی کرکٹ کے لیے تیاری کا موقع ملا۔

مزید خبریں

Back to top button