پنجاب میں رواں سال پولیو کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا، مریم نواز کا مکمل خاتمے کا عزم

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پولیو کے عالمی دن کے موقع پر صوبے سے پولیو کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے والدین اور عوام سے انسدادِ پولیو مہم میں بھرپور تعاون کی اپیل کی ہے۔
اپنے خصوصی پیغام میں مریم نواز شریف نے فرنٹ لائن پر خدمات انجام دینے والے پولیو ورکرز کو قوم کے ہیرو قرار دیتے ہوئے کہا کہ پولیو سے مکمل نجات اور صحت مند معاشرے کی تشکیل کے لیے والدین سمیت ہر فرد کا تعاون ناگزیر ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پولیو ویکسین سے انکار بچوں کے محفوظ اور بہتر مستقبل کو خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہے۔ انسدادِ پولیو کے قطرے محفوظ اور مؤثر ہیں اور بچوں کی صحت و زندگی کے تحفظ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے والدین پر زور دیا کہ پانچ سال تک کی عمر کے تمام بچوں کو ہر انسدادِ پولیو مہم کے دوران ویکسین کے دو قطرے لازمی پلوائیں۔
مریم نواز شریف نے بتایا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے رواں سال پنجاب میں پولیو کا ایک بھی کیس سامنے نہیں آیا۔ صوبے سے پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے صوبائی ایمرجنسی آپریشن سینٹر اور محکمہ صحت متحرک ہیں، جبکہ لاہور سمیت مختلف اضلاع میں باقاعدگی سے انسدادِ پولیو مہم چلائی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ صوبے کے 13 حساس اضلاع میں پانچ سال سے کم عمر ایک کروڑ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جا چکے ہیں۔ اس کے علاوہ وائرس کے پھیلاؤ کی نگرانی اور روک تھام کے لیے صوبے بھر میں ماحولیاتی نمونوں کی مسلسل جانچ کی جا رہی ہے۔
وزیراعلیٰ کے مطابق ملک بھر کے ساتھ پنجاب کے منتخب اضلاع میں 2 سے 8 نومبر 2026 تک جاری رہنے والی ذیلی قومی انسدادِ پولیو مہم کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ مہم کی نگرانی کے لیے ضلعی ہیلتھ مینجمنٹ ٹیمیں، عالمی ادارہ صحت کے نمائندے اور ضلعی انتظامیہ اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔
مریم نواز شریف نے خبردار کیا کہ پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے مسلسل اور مربوط کوششیں ضروری ہیں، کیونکہ غفلت کی صورت میں وائرس دوبارہ پھیل سکتا ہے۔ انہوں نے والدین، طبی عملے، پولیو ورکرز اور عوام پر زور دیا کہ وہ بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے محفوظ رکھنے اور ان کا صحت مند مستقبل یقینی بنانے کے لیے انسدادِ پولیو مہم میں بھرپور حصہ لیں۔



