میر رضا قتل کیس: سندھ حکومت نے جے آئی ٹی تشکیل دے دی، ڈی آئی جی عرفان بلوچ سربراہ مقرر

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) میر رضا علی قتل کیس کی تحقیقات کے لیے محکمہ داخلہ سندھ نے باضابطہ طور پر مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دے دی، جس کی سربراہی ڈی آئی جی عرفان بلوچ کریں گے۔

محکمہ داخلہ سندھ نے جے آئی ٹی میں متعلقہ اداروں کے افسران کی نامزدگی کے لیے مراسلے جاری کر دیے ہیں۔ مراسلے میں تمام متعلقہ اداروں سے گریڈ 18 یا اس سے اوپر کے افسران کو جے آئی ٹی کا رکن نامزد کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔

حکام کے مطابق مشترکہ تحقیقاتی ٹیم میں انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی)، انٹیلی جنس بیورو (آئی بی)، پاکستان رینجرز سندھ اور نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کے سینئر نمائندے شامل ہوں گے۔

واضح رہے کہ میر رضا علی کے قتل کا مقدمہ کراچی کے تھانہ فیروز آباد میں درج ہے۔ اس کیس کی تحقیقات کے لیے جسٹس عمر سیال پر مشتمل یک رکنی انکوائری کمیشن نے اپنی رپورٹ پیش کی تھی۔

محکمہ داخلہ سندھ نے انکوائری کمیشن کی سفارشات کی روشنی میں جے آئی ٹی تشکیل دی ہے، جس کے ذریعے قتل کے واقعے سے متعلق مزید تحقیقات کی جائیں گی۔

مزید خبریں

Back to top button