بلوچستان میں نئے صوبوں اور چھوٹے انتظامی یونٹس کے قیام کی ضرورت ہے، سرفراز بگٹی

ڈیرہ بگٹی(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ صوبے میں نئے صوبوں کے ساتھ چھوٹے ڈویژنز اور اضلاع کا قیام بھی ناگزیر ہے، کیونکہ چھوٹے انتظامی یونٹس کے ذریعے عوام تک رسائی آسان اور ان کے مسائل کا حل مؤثر بنایا جا سکتا ہے۔
ڈیرہ بگٹی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ صوبے کے مخصوص حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے انتظامی ڈھانچے کو عوامی ضروریات کے مطابق تشکیل دینا ضروری ہے۔ انتظامی یونٹس چھوٹے ہوں گے تو حکومتی اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے اور عوام کو سہولتیں فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔
سرفراز بگٹی نے بتایا کہ کوہ سلیمان ڈویژن کی تمام ڈویژنل پوسٹوں کی منظوری دے دی گئی ہے، جبکہ افسران اور عملے کی تعیناتی بھی جلد عمل میں لائی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ رکھنی میں ترقیاتی عمل کا آغاز ہو چکا ہے اور حکومت اسے ایک مثالی ڈویژن بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کرے گی۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے دہشت گردی کے خلاف سکیورٹی فورسز کی قربانیوں اور کارکردگی کو قابلِ فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک کے دفاع اور امن کے قیام کے لیے فورسز کی خدمات قابلِ تحسین ہیں۔
انہوں نے گوادر میں خوارج کے حملے کو ناکام بنانے کے لیے سکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی کو بھی سراہا۔



