ایمپائر اسٹیٹ بلڈنگ کی چوٹی پر شادی کی پیشکش مہنگی پڑ گئی، روسی جوڑا گرفتار

نیویارک(ویب ڈیسک)امریکا کے شہر نیویارک میں دنیا کی معروف ایمپائر اسٹیٹ بلڈنگ کی چوٹی پر خطرناک انداز میں شادی کی پیشکش کرنے والے روسی جوڑے کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق روسی شہری وانیا بیرکس اور انجیلا نکولاؤ بغیر اجازت عمارت کے مرکزی اینٹینا تک پہنچ گئے، جہاں انہوں نے ایک دوسرے کو بوسہ دیا، شادی کی پیشکش کی اور ایک بینر بھی آویزاں کیا۔

بینر پر درج تھا: "When the power of love beats the love of power, the world knows peace” یعنی "جب محبت کی طاقت، اقتدار کی محبت پر غالب آ جائے تو دنیا امن کو پہچان لیتی ہے۔”

رپورٹس کے مطابق دونوں افراد تقریباً 443 میٹر (1,454 فٹ) کی بلندی پر موجود تھے، جبکہ ان کی ویڈیوز امریکی نیوز ہیلی کاپٹروں اور دیگر ذرائع کے ذریعے سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق یہ واضح نہیں ہو سکا کہ دونوں انتہائی محفوظ اینٹینا تک کیسے پہنچے، کیونکہ یہ حصہ عوام کے لیے کھلے آبزرویشن ڈیک سے کہیں زیادہ بلند اور محدود رسائی والا علاقہ ہے۔

بعد ازاں نیویارک پولیس کے اہلکار سیڑھیوں کے ذریعے اینٹینا تک پہنچے، دونوں کو بحفاظت نیچے اتارا اور گرفتار کر لیا۔

تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ وانیا بیرکس اور انجیلا نکولاؤ دنیا بھر میں "رووف ٹاپنگ” یعنی بلند عمارتوں پر غیر قانونی طور پر چڑھنے کے شوق کی وجہ سے مشہور ہیں۔ یہ جوڑا 2024 میں نیٹ فلکس کی دستاویزی فلم "Skywalkers: A Love Story” میں بھی اپنی مہم جوئی اور محبت کی کہانی کے باعث نمایاں رہا تھا۔

انجیلا کے والد دمتری نکولاؤ، جو روسی سرکس آرٹسٹ ہیں، نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ انہیں اپنی بیٹی کے اس منصوبے کا پہلے سے علم تھا اور ان کے نزدیک بلند عمارتوں پر چڑھنا کوئی غیر معمولی بات نہیں۔

پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button