عیدالاضحیٰ: کوئٹہ سے پہلی اسپیشل ٹرین کا سفر شروع، مزید 2 ٹرینیں کراچی سے روانہ ہونگی


کراچی (جانوڈاٹ پی کے)پاکستان ریلوے نے عید الاضحیٰ کے موقع پر مسافروں کی سہولت کیلئے ملک بھر میں 3 خصوصی ٹرینیں چلانے کا اعلان کر دیا۔
پہلی اسپیشل ٹرین آج صبح 10 بجے کوئٹہ سے راولپنڈی کیلئے روانہ ہو گئی، جس میں 8 اکانومی بوگیاں اور ایک پاور وین شامل ہے جبکہ 500 سے زائد مسافروں کے سفر کی گنجائش موجود ہے۔
ریلوے حکام کے مطابق یہ ٹرین سبی جیک آباد سکھر ملتان اور لاہور سے گزرتی ہوئی 24 مئی کو راولپنڈی پہنچے گی۔
شیڈول کے مطابق دوسری اسپیشل ٹرین 24 مئی کو کراچی سے راولپنڈی کیلئے روانہ ہوگی، جو ملتان، فیصل آباد اور سرگودھا کے راستے سفر کرے گی، جبکہ تیسری خصوصی ٹرین 25 مئی کو کراچی سے لاہور کیلئے چلائی جائے گی۔
پاکستان ریلویز انتظامیہ نے ہدایت جاری کی ہے کہ عید اسپیشل ٹرینوں کے بروقت اور مؤثر آپریشن کیلئے تمام انتظامات مکمل کیے جائیں۔
دوسری جانب عید اسپیشل ٹرینوں کے روٹس میں پشاور کو شامل نہ کیے جانے پر مسافروں کی جانب سے مایوسی کا اظہار بھی سامنے آیا ہے۔