منشیات کیس میں گرفتارویکسینیٹر آفتاب سمیجو معطل،ڈی ایچ اوکانوٹیفکیشن جاری

تھرپارکر(رپورٹ:میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے)سی آئی اے پولیس کی جانب سے منشیات کے الزام میں گرفتار محکمہ صحت کے ویکسینیٹر آفتاب سمیجو کو ضلع صحت تھرپارکر نے فوری طور پر معطل کر دیا ہے، جس کے حوالے سے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (ڈی ایچ او) تھرپارکر نے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق آفتاب سمیجو، جو تحصیل چھاچھرو کے گاؤں سید محمد علی شاہ کا رہائشی ہے، کو سی آئی اے پولیس نے کارروائی کے دوران مبینہ طور پر 11 ہزار سفینہ پڑیوں سمیت گرفتار کیا تھا۔ اس سلسلے میں اسلام کوٹ تھانے میں انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ہے۔ تھرپارکر پولیس کی جانب سے پریس ریلیز جاری ہونے کے بعد ڈی ایچ او تھرپارکر ڈاکٹر لیکھراج سارنگانی نے فوری انتظامی کارروائی کرتے ہوئے آفتاب سمیجو کو معطل کر دیا۔ ڈی ایچ او کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق سرکاری ملازم کی حیثیت سے ایسی سرگرمیوں میں مبینہ طور پر ملوث ہونا محکمانہ قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی ہے، لہٰذا انکوائری مکمل ہونے تک آفتاب سمیجو معطل رہے گا۔



