"منشیات روکنے میں ناکام”تھرپارکر کے ایک اور ونگاری ایس ایس پی عبد اللہ میمن تبدیل

تھرپارکر(رپورٹ:میندھرو کاجھروی/ جانو ڈاٹ پی کے) حکومتِ سندھ کے پولیس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ضلع تھرپارکر کے ایس ایس پی عبداللہ میمن کو فوری طور پر تبدیل کرکے سی پی او سندھ کراچی رپورٹ کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے، جبکہ نئے ایس ایس پی کے طور پر ذیشان شفیق صدیقی کی تعیناتی کی خبریں گردش کر رہی ہیں۔
جاری کردہ حکم نامے کے مطابق ضلع عمرکوٹ کی ایس ایس پی سہائی عزیز کو اپنی موجودہ ذمہ داریوں کے ساتھ ساتھ تھرپارکر کے ایس ایس پی کا اضافی چارج بھی سونپ دیا گیا ہے، جو مزید احکامات تک برقرار رہے گا۔
یہ نوٹیفکیشن 12 مئی 2026 کو حکومتِ سندھ کے پولیس ڈیپارٹمنٹ کراچی سے جاری کیا گیا، جس پر انسپکٹر جنرل پولیس سندھ جاوید عالم اوڈھو کی منظوری شامل ہے۔
پولیس محکمہ میں اس تبدیلی کے بعد ضلع تھرپارکر میں نئی انتظامی حکمتِ عملی کے حوالے سے مختلف حلقوں میں چہ مگوئیاں جاری ہیں۔یاد رہے کہ سابق ایس ایس پی تھرپارکر شعیب میمن کو وڈیروں کی ونگار، منشیات پر قابو پانے میں ناکامی اور صحافیوں کے خلاف نامناسب زبان استعمال کرنے کے الزامات کے بعد تبدیل کیا گیا تھا۔ اس کے بعد ایس ایس پی عبداللہ میمن سے کچھ بہتری کی امیدیں وابستہ کی گئی تھیں، تاہم ان پر بھی ونگاریں کرنے اور منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کرنے کے بجائے ان کی سرپرستی کے الزامات لگتے رہے۔
ذرائع کے مطابق اب ذیشان شفیق صدیقی کو تھرپارکر میں تعینات کرنے کا مقصد آئس، سفینہ، گٹکا اور دیگر خطرناک منشیات کے خلاف مؤثر کارروائی کرکے نوجوان نسل کو تباہی سے بچانا ہے۔



