پیرس کے نواح میں فائرنگ، ایک شخص ہلاک، 12 سالہ بچی سمیت 5 زخمی

پیرس(ویب ڈیسک) فرانس کے دارالحکومت پیرس کے نواحی علاقے ٹراپ میں فائرنگ کے واقعے میں ایک شخص ہلاک اور 12 سالہ بچی سمیت پانچ افراد زخمی ہوگئے۔ فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے واقعے کو دہشت گردانہ اور نسل پرستانہ حملہ قرار دیا ہے۔

خبر رساں ادارے کے مطابق حملہ آور نے خودکار ہتھیار سے ایک پٹرول پمپ، طبی مرکز اور بچوں کے کھیل کے میدان کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں ایک شخص جان سے گیا جبکہ پانچ افراد زخمی ہوگئے۔

فرانسیسی حکام نے واقعے میں ملوث ہونے کے شبے میں 39 سالہ شخص کو گرفتار کرلیا ہے، جس کی شناخت کیون ٹی کے نام سے ظاہر کی گئی ہے۔ حکام کے مطابق واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔

فرانس میں فوجداری تحقیقات کے دوران مشتبہ افراد کے مکمل خاندانی نام ظاہر نہ کرنا معمول کا طریقہ کار ہے۔ تاہم واقعے کے محرکات اور حملہ آور کے ممکنہ عزائم سے متعلق مزید تفصیلات سامنے آنا باقی ہیں۔

یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب فرانس میں سیاسی اور سماجی کشیدگی پائی جاتی ہے۔ گزشتہ ہفتے ملک گیر احتجاج کے دوران بعض مقامات پر تشدد کے واقعات پیش آئے تھے، جبکہ رواں ہفتے کے اختتام پر مزید مظاہروں کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button