ٹرمپ کا ایران پر دوبارہ سخت حملے کرنے کا اعلان

واشنگٹن(جانوڈاٹ پی کے)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران پر دوبارہ سخت حملے کرنے کا اعلان کردیا۔
اوول آفس میں گفتگو کے دوران صحافیوں نے ڈونلڈ ٹرمپ سے سوال کیا کہ کیا امریکا دوبارہ بمباری مہم شروع کرے گا، جس پر امریکی صدر نے جواب دیا کہ حالیہ صورتحال اور ہیلی کاپٹر واقعے کے تناظر میں امریکا کو کارروائی کا حق حاصل ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ کے مطابق ایران نے مبینہ طور پر آبنائے ہرمز کے قریب ایک امریکی اپاچی ہیلی کاپٹر کو نشانہ بنایا، اور اسی وجہ سے ممکنہ جوابی کارروائی زیر غور ہو سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران ہمیں مسلسل الجھا رہا ہے، یہ نہیں بتاؤں گا کہ ایران کے پل اور پاور پلانٹس کو نشانہ بنائیں گے یا نہیں۔
امریکی صدر نے کہا کہ ہم ایران سے معنی خیز اور کارآمد ڈیل کرنا چاہتے ہیں، ایران کو ڈیل کرنا ہوگی۔ ایران سے معاہدے کے بارے میں دیکھتے ہیں کیا ہوتا ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ہم نے پاکستان کی درخواست پر ایران کے خلاف کارروائی روکی تھی، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیراعظم شہباز شریف اچھے دوست اور بہترین شخصیات ہیں، پاکستان اب بھی ایران کے معاملے پر کوشش جاری رکھے ہوئے ہے۔



