یومِ آزادی میں ایک روز باقی، پورا پاکستان سبز ہلالی رنگوں میں رنگ گیا

لاہور (جانوڈاٹ پی کے) جشنِ آزادی میں صرف ایک روز باقی رہ گیا، ملک بھر میں یومِ آزادی کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں، ہر طرف سبز ہلالی پرچموں، جھنڈیوں اور قومی رنگوں کی بہار نظر آنے لگی۔
14 اگست پاکستان کی آزادی کا دن ہے اور اس موقع پر شہری بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ جشن منانے کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔ اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاؤس سمیت ملک بھر کی اہم سرکاری عمارتوں کو رنگ برنگی روشنیوں سے سجا دیا گیا ہے، جبکہ گھروں، دکانوں اور عمارتوں پر قومی پرچم لہرا دیے گئے ہیں۔
جشنِ آزادی کے لیے سجائے گئے بازاروں میں بھی گہماگہمی عروج پر ہے۔ بڑوں کے ساتھ بچوں کی بڑی تعداد بھی خریداری کے لیے بازاروں کا رخ کر رہی ہے، جہاں بڑے قومی پرچم، جھنڈیاں، بیجز، ماسک، گھڑیاں اور سبز ہلالی رنگ کی ٹوپیاں خصوصی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہیں۔
کسی شہری کو گاڑی کے لیے قومی پرچم درکار ہے تو کوئی موٹرسائیکل کو سبز ہلالی جھنڈی سے سجا رہا ہے، جبکہ کئی شہری گھروں اور دکانوں کی آرائش کے لیے قومی پرچم اور چھوٹی جھنڈیاں خرید رہے ہیں۔
خواتین اور بچیوں کے لیے سبز و سفید چوڑیاں، جیولری اور دیگر آرائشی اشیا بھی شہریوں کی توجہ حاصل کر رہی ہیں۔ بچوں کے لیے سبز اور سفید ملبوسات، چاند تارے والی شرٹس اور قومی رنگوں کی فراکس خاص طور پر مقبول ہیں۔
بچوں کا کہنا ہے کہ وہ 14 اگست بھرپور جوش و جذبے سے منائیں گے، سبز و سفید لباس پہنیں گے اور دوستوں کے ساتھ جشن آزادی کی خوشیوں میں شریک ہوں گے۔
والدین کا کہنا ہے کہ بچوں کو صرف خریداری تک محدود نہیں رکھا جا رہا بلکہ انہیں یومِ آزادی کی اہمیت اور پاکستان کے قیام کی جدوجہد سے بھی آگاہ کیا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق جشن آزادی کی خوشیاں منانے کے ساتھ نئی نسل میں وطن سے محبت اور قومی ذمہ داری کا شعور اجاگر کرنا بھی ضروری ہے۔
ایک جانب شہری یومِ آزادی کی خوشیاں منانے کی تیاریوں میں مصروف ہیں تو دوسری جانب عارضی اسٹالز لگانے والے دکانداروں کی بھی چاندی ہوگئی ہے اور قومی پرچم، جھنڈیوں اور دیگر جشنِ آزادی کی اشیا کی فروخت میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔



