پنجگور میں پاک فوج کے تعاون سے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح

کوئٹہ(جانوڈاٹ پی کے) کور کمانڈر بلوچستان نے ضلع پنجگور کا دورہ کیا، جہاں پاک فوج کے تعاون سے مکمل ہونے والے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا گیا۔
کور کمانڈر بلوچستان نے بی ایس ڈی آئی پروگرام کے تحت مکمل ہونے والے جناح آئی ٹی حب کا افتتاح کیا۔ جدید سہولیات سے آراستہ آئی ٹی حب میں 50 کمپیوٹرز، ڈیجیٹل لائبریری اور سولر سسٹم نصب کیا گیا ہے، جس کے ذریعے 24 گھنٹے بجلی کی فراہمی یقینی بنانے کا انتظام کیا گیا ہے۔
دورے کے دوران یونیورسٹی آف مکران میں سر سید احمد خان لاؤنج اور علامہ اقبال آڈیٹوریم کا بھی افتتاح کیا گیا۔ علامہ اقبال آڈیٹوریم کی تزئین و آرائش مکمل کی گئی ہے، جہاں 120 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش موجود ہے۔
کور کمانڈر بلوچستان نے مقامی افراد سے بھی ملاقات کی، ان کے مسائل اور سوالات سنے اور مختلف امور پر تفصیلی جوابات دیے۔ انہوں نے عوامی فلاح و بہبود کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو سراہتے ہوئے مستقبل میں بھی ایسے منصوبوں کے تسلسل کے عزم کا اظہار کیا۔
پنجگور کے شہریوں نے پاک فوج کے تعاون سے مکمل ہونے والے ترقیاتی منصوبوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے ان اقدامات کو علاقے کے نوجوانوں اور طلبہ کے لیے مفید قرار دیا۔
پنجگور میں آئی ٹی، تعلیم اور دیگر شعبوں سے متعلق ان منصوبوں کو بلوچستان میں عوامی فلاح، جدید تعلیم اور پائیدار ترقی کے فروغ کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔



