خیبرپختونخوا میں بڑھتی بدامنی پر شہری صوبائی حکومت پر برس پڑے

پشاور(جانوڈاٹ پی کے) خیبرپختونخوا میں بدامنی اور دہشت گردی کے بڑھتے واقعات پر شہریوں نے صوبائی حکومت اور وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے عوامی مسائل پر فوری توجہ دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال مسلسل تشویش کا باعث بن رہی ہے، جبکہ حکومت کی توجہ عوامی مسائل کے بجائے دھرنوں اور احتجاجی سیاست پر مرکوز دکھائی دیتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں تعلیم، صحت اور سڑکوں سمیت بنیادی شعبوں کی صورتحال بھی تسلی بخش نہیں، عوام کو روزمرہ مسائل کے حل کے لیے مشکلات کا سامنا ہے۔

کچھ شہریوں نے وفاقی حکومت سے صوبائی حکومت کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی کارکردگی پر بھی سوالات اٹھائے۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت سے وابستہ بعض افراد کی اشتعال انگیز تقاریر مبینہ طور پر عوام میں نفرت اور انتشار کو فروغ دے رہی ہیں۔

شہریوں نے الزام عائد کیا کہ بعض سیاسی عناصر دہشت گردی کے معاملے پر ایسے بیانات دے رہے ہیں جن سے ریاستی اداروں کے خلاف اشتعال پیدا ہو رہا ہے، اور مطالبہ کیا کہ صوبے میں امن و امان کے قیام کے ساتھ ساتھ عوامی مسائل کے حل پر بھی توجہ مرکوز کی جائے۔

مزید خبریں

Back to top button