جعلی خبروں اور ریاست مخالف پروپیگنڈے کی روک تھام، این سی سی آئی اے کے خصوصی یونٹس قائم

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے ریاست مخالف پروپیگنڈے اور جعلی خبروں کی روک تھام کے لیے خصوصی یونٹس قائم کر دیے، جبکہ سائبر اسپیس کی نگرانی کے لیے ملک بھر کے تمام ریجنز میں سائبر پٹرولنگ یونٹس بھی فعال کر دیے گئے ہیں۔
این سی سی آئی اے کے ترجمان کے مطابق ڈائریکٹر جنرل سید علی ناصر رضوی نے پنجاب کے تمام سرکلز کے پانچ روزہ دورے کے دوران مختلف رپورٹنگ سینٹرز، تھانوں اور دفاتر کا معائنہ کیا۔ اس دوران انہوں نے 500 سے زائد شکایت کنندگان سے براہ راست ملاقاتیں بھی کیں۔
ترجمان کے مطابق ڈی جی این سی سی آئی اے نے شکایات کے اندراج اور تصدیق کے عمل کو مزید عوام دوست بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو بروقت انصاف کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
سید علی ناصر رضوی نے کہا کہ جعلی خبروں اور ریاست مخالف پروپیگنڈے کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کی گئی ہے، جبکہ میرٹ اور شفافیت پر کسی صورت سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔
دورے کے دوران سائبر کرائم سے متعلق زیرِ التوا شکایات، تفتیشی برانچ، شکایتی سیل، ایف آئی آر برانچ، ریکارڈ کی دیکھ بھال سمیت دیگر انتظامی اور پیشہ ورانہ امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
ڈی جی این سی سی آئی اے نے افسران کو کارکردگی مزید بہتر بنانے، شکایات اور مقدمات کو بروقت نمٹانے، شفاف تحقیقات یقینی بنانے اور ریکارڈ کو باقاعدگی سے اپ ڈیٹ رکھنے کی ہدایات بھی جاری کیں۔



