پی ٹی آئی لانگ مارچ میں ممکنہ رکاوٹوں کے خلاف پشاور ہائیکورٹ سے رجوع

پشاور(جانوڈاٹ پی کے) خیبرپختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ میں ممکنہ رکاوٹوں کے خلاف پی ٹی آئی کے تین اراکین قومی اسمبلی نے پشاور ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔
ایم این اے شاندانہ گلزار، شہریار آفریدی اور آصف خان کی جانب سے درخواست دائر کی گئی، جس پر تینوں اراکین قومی اسمبلی اپنے وکیل معظم بٹ کے ہمراہ چیف جسٹس کی عدالت میں پیش ہوئے۔
دورانِ سماعت وکیل معظم بٹ نے عدالت کو بتایا کہ درخواست لانگ مارچ کے دوران ممکنہ رکاوٹوں کے خلاف دائر کی گئی ہے۔ اس پر چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ لانگ مارچ تو جاری ہے، کیا اس پر کوئی پابندی عائد ہے؟
وکیل نے بتایا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم کے بعد چیف سیکرٹری اور آئی جی خیبرپختونخوا کی جانب سے اعلامیہ جاری کیا گیا ہے۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا درخواست گزار اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم سے متاثر ہیں؟
معظم بٹ نے جواب دیا کہ درخواست گزار اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم سے متاثر نہیں، وہ قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے احتجاج کرنا چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ لانگ مارچ ان اراکین اسمبلی کے حلقوں سے گزرے گا جہاں ممکنہ طور پر رکاوٹیں پیش آسکتی ہیں۔
وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ متعلقہ اداروں کو لانگ مارچ میں رکاوٹیں پیدا نہ کرنے کا حکم دیا جائے اور درخواست کو اسی روز سماعت کے لیے مقرر کیا جائے۔
چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ نے ریمارکس دیے کہ یہ بی بی اے یا ٹی بی اے کی درخواست نہیں کہ اسے آج ہی سماعت کے لیے مقرر کیا جائے۔ عدالت نے معاملہ دیکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے درخواست پر غور کا عندیہ دے دیا۔



