خیبرپختونخوا حکومت خود آئینی اقدام کی راہ ہموار کر رہی ہے، عظمیٰ بخاری

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کی موجودہ حکومت خود صوبے میں آئینی اقدام کی راہ ہموار کر رہی ہے، صوبے کے عوام کو دہشتگردی اور بدامنی کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا۔
اپنے بیان میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ خیبرپختونخوا اس وقت دہشتگردی کی زد میں ہے، جبکہ صوبے کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی لانگ مارچ کی قیادت کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق گزشتہ 13 برس سے خیبرپختونخوا میں دھرنوں، جلسوں، ریلیوں اور لانگ مارچ کی سیاست جاری ہے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ جب صوبے میں امن و امان اور روزگار کے مواقع میسر نہیں ہوں گے تو عوام امن اور روزگار کی تلاش میں دوسرے صوبوں کا رخ کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ جو حکومت اپنے شہریوں کو تحفظ فراہم نہ کرسکے، اس کی حکمرانی پر سوال اٹھتے ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے الزام عائد کیا کہ سہیل آفریدی اپنے ہی صوبے میں سرکاری وسائل کے ساتھ مارچ کر رہے ہیں، جبکہ وفاق کے خلاف بیانات کے لیے سرکاری ہیلی کاپٹر کا استعمال عدالتی حکم کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری وسائل کو سیاسی سرگرمیوں کے لیے استعمال کرنا پی ٹی آئی کا پرانا طرزِ عمل ہے۔
انہوں نے مزید الزام عائد کیا کہ خیبرپختونخوا حکومت نے قیامِ امن کے بجائے دہشتگردوں کو تحفظ دینے کو ترجیح دی، جس کے باعث صوبہ دہشتگردوں، منشیات فروشوں اور سمگلروں کے لیے سازگار حالات کا شکار ہے۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا حکومت کے اقدامات وفاق کو صوبے میں آئینی اقدام پر غور کرنے کی جانب دھکیل رہے ہیں۔ ان کے مطابق صوبے کے عوام کو دہشتگردوں اور مسلح گروہوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا۔



