کراچی:ڈاکٹر سارنگ قتل کیس میں بڑی پیش رفت، پولیس نے اہلیہ کو حراست میں لے لیا

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)کراچی میں ڈاکٹر سارنگ قتل کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، پولیس نے مقتول کی اہلیہ کو مبینہ طور پر قتل میں ملوث ہونے پر حراست میں لے لیا ہے۔
حکام کے مطابق ڈاکٹر سارنگ کو 21 اپریل کو کراچی میں شارع فیصل میٹرو پول کے قریب فائرنگ کرکے قتل کیا گیا تھا، جس کے بعد واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری تھیں۔
تفتیش کے دوران شواہد اور تکنیکی معلومات کی بنیاد پر مقتول کی اہلیہ رومینہ پر شبہ ظاہر کیا گیا، جس کے بعد مزید تحقیقات میں اس کے مبینہ کردار کے شواہد سامنے آئے۔
ذرائع کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کارروائی کرتے ہوئے ملزمہ اور اس کے ایک ساتھی کو تحویل میں لے لیا ہے جب کہ واقعے میں استعمال ہونے والی رینٹ اے کار کی گاڑی بھی برآمد کرلی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق ڈاکٹر سارنگ رکشے میں اپنی بیوی کے ساتھ جا رہے تھے، ملزمان گاڑی میں آئے اور فائرنگ کرکے فرار ہوگئے، ملزمان میاں بیوی کا پیچھا کر رہے تھے۔
ڈاکٹر سارنگ گلستان جوہر اور کورنگی کے دو مختلف اسپتالوں میں نوکری کرتے تھے۔



