اسلام آباد، راولپنڈی اور لاہور میں موسلادھار بارش، نشیبی علاقے زیرِ آب، کئی علاقوں میں بجلی معطل

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) اسلام آباد، راولپنڈی اور لاہور میں ہونے والی موسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا، جبکہ متعدد فیڈرز ٹرپ ہونے سے کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی متاثر ہوئی۔

لاہور میں گڑھی شاہو، شملہ پہاڑی، لکشمی چوک، مال روڈ، سول سیکرٹریٹ، چوبرجی، سمن آباد، وحدت روڈ، شادمان، گارڈن ٹاؤن، کیولری گراؤنڈ، والٹن روڈ، بیدیاں روڈ، بھٹہ چوک، علی پارک، گلبرگ، کلمہ چوک، جیل روڈ اور فیروزپور روڈ سمیت مختلف علاقوں میں بارش کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا، تاہم کئی نشیبی مقامات پر پانی کھڑا ہونے سے شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

بارش کے دوران متعدد علاقوں میں بجلی کے فیڈرز ٹرپ ہونے کے باعث بجلی کی سپلائی بھی عارضی طور پر معطل ہو گئی، جبکہ متعلقہ ادارے بحالی کے لیے کام میں مصروف ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کمزور مون سون ہواؤں کے ساتھ مغربی ہواؤں کا سلسلہ بھی ملک کے شمالی علاقوں پر اثر انداز ہے، جس کے باعث آج اسلام آباد، پنجاب، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے مختلف مقامات پر مزید بارش کا امکان ہے۔

شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ شدید بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور نشیبی علاقوں میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

مزید خبریں

Back to top button