دادو میں دو گروپوں کے درمیان خونریز تصادم، 3 افراد جاں بحق، علاقے میں کشیدگی برقرار

دادو(جانوڈاٹ پی کے\مانیٹرنگ ڈیسک) اندرون سندھ کے ضلع دادو میں دو گروپوں کے درمیان مسلح تصادم کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق ہو گئے، جبکہ واقعے کے بعد علاقے میں شدید کشیدگی پھیل گئی۔

عینی شاہدین کے مطابق موندر تھانے کی حدود میں شاہانی برادری کے دو گروپوں کے درمیان معمولی جھگڑا شدت اختیار کر گیا، جس کے بعد دونوں جانب سے اندھا دھند فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ فائرنگ کے نتیجے میں خادم شاہانی، زبنواز شاہانی اور مظفر شاہانی موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے۔

اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور صورتحال کو قابو میں لینے کے لیے کارروائی شروع کر دی۔ واقعے کے بعد دونوں فریق مورچہ بند ہو گئے، جس سے علاقے میں مزید کشیدگی اور تصادم کا خدشہ پیدا ہو گیا۔

پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر امن و امان برقرار رکھنے کے لیے اضافی نفری طلب کر لی ہے، جبکہ واقعے کی وجوہات اور ذمہ داران کے تعین کے لیے تحقیقات بھی شروع کر دی گئی ہیں۔

حکام کے مطابق صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے تاکہ کسی بھی مزید ناخوشگوار واقعے کو روکا جا سکے۔

مزید خبریں

Back to top button