امریکا کی کلنٹن روڈ مسلسل تیسرے سال بھی دنیا کی سب سے زیادہ آسیب زدہ سڑک قرار

نیویارک(جانوڈاٹ پی کے)آسیب یا بھوت ہوتے ہیں یا نہیں، یہ ایک طویل بحث ہے اور ہر فرد کی اس حوالے سے اپنی سوچ ہوتی ہے۔
اب وہ ہیں یا نہیں اس کو چھوڑیں، مگر کیا آپ کو معلوم ہے کہ دنیا کی سب سے زیادہ آسیب زدہ سڑک کہاں واقع ہے؟
ایک جرمن رینٹل کار کمپنی سکسٹ نے ایک رپورٹ میں اس سڑک کے بارے میں بتایا۔
رپورٹ کے مطابق امریکی ریاست نیو جرسی کے علاقے ویسٹ ملفورڈ میں واقع کلنٹن روڈ دنیا کی سب سے زیادہ آسیب زدہ سڑک ہے۔
یہ مسلسل تیسرا سال ہے جب اس سڑک کو یہ منفرد اعزاز حاصل ہوا، اگر اسے اعزاز قرار دیا جائے تو۔
امریکی میڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق یہ امریکا کی چند آسیب زدہ ترین سڑکوں میں سے ایک ہے جس کے بارے میں دہائیوں سے مافوق الفطرت پراسرار کہانیاں گردش کر رہی ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ اس سڑک کا جنگل سے جڑا 10 میل کا حصہ تاریکی چھانے کے بعد بہت زیادہ خوفناک محسوس ہونے لگتا ہے۔
اس سڑک سے متعلق کہانیاں ایک صدی سے زائد عرصے پھیل رہی ہیں۔
کچھ افراد تو وہاں ایسی پراسرار روشنیاں دیکھنے کا دعویٰ کرتے ہیں جو اچانک غائب بھی ہو جاتی ہیں۔
دنیا کی سب سے زیادہ آسیب زدہ سڑک کا تعین کرنے کے لیے ماہرین نے گوگل اور ٹک ٹاک کے سرچ ٹرینڈز کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا اور پھر ان نتائج کا 2023 سے 2025 کے دوران شائع ہونے والی آسیب زدہ سڑکوں کی فہرستوں سے کیا۔



