پاکستان میں ہائبرڈ نہیں، مکمل آئینی جمہوری نظام موجود ہے، رانا ثنا اللہ

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعظم کے مشیر اور سینیٹر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں ہائبرڈ نہیں بلکہ مکمل آئینی جمہوری نظام موجود ہے، جبکہ محسن نقوی کا "سسٹم تباہ ہو چکا” والا بیان بے معنی ہے اور اس کا کوئی واضح سیاق و سباق نہیں۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ملک کا پارلیمانی جمہوری نظام 1973 کے آئین کے مطابق چل رہا ہے اور وفاق، عدلیہ و انتظامیہ اپنی آئینی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں، اس لیے نظام کے تباہ ہونے کا تاثر درست نہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر نئے انتظامی یونٹس یا صوبوں کے قیام کی ضرورت محسوس کی جاتی ہے تو یہ عمل بھی صرف آئینی طریقہ کار کے تحت ہی ہونا چاہیے۔ ان کے مطابق بااختیار بلدیاتی نظام اور انتظامی اصلاحات پر ضرور بات ہو سکتی ہے، لیکن آئین سے ہٹ کر کسی اقدام کی کوئی گنجائش نہیں۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ سیاسی اور عسکری قیادت کے درمیان تعاون اور باہمی احترام کی وجہ سے پاکستان کو عالمی سطح پر عزت و وقار حاصل ہوا ہے۔ ان کے بقول دہشت گردی کے خلاف کامیاب کارروائیاں اور "معرکۂ حق” میں کامیابی بھی اسی قومی یکجہتی کا نتیجہ ہیں۔
انہوں نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کو قوم کا ہیرو قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ملک کا وقار بلند کیا ہے۔
وزیراعظم کے مشیر نے آزاد کشمیر کے انتخابات کو شفاف قرار دیتے ہوئے کہا کہ میرپور میں 53 فیصد ٹرن آؤٹ ریکارڈ کیا گیا جبکہ مظفرآباد سمیت دیگر حلقوں میں بھی عوام نے بھرپور انداز میں ووٹ ڈالے۔
رانا ثنا اللہ کا مزید کہنا تھا کہ بعض عناصر انتخابات میں رکاوٹیں ڈالنا چاہتے تھے، تاہم عوام کی بھرپور شرکت سے ان کی کوششیں ناکام ہوئیں اور بھارتی ایجنڈے کو بھی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔



