صوبوں اور نئے انتظامی یونٹس کے قیام پر سنجیدہ اور کھلے دل سے بات ہونی چاہیے، گورننس پر مکالمہ وقت کی ضرورت ہے، سپیکر پنجاب اسمبلی

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے کہا ہے کہ صوبوں اور نئے انتظامی یونٹس کے قیام پر سنجیدہ اور کھلے دل سے بات ہونی چاہیے، جبکہ گورننس اور انتظامی نظام پر بحث کرنا کوئی شجرِ ممنوعہ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ نئے انتظامی یونٹس کے قیام کا فیصلہ مکمل سوچ بچار کے بعد ہونا چاہیے اور اس حوالے سے پڑوسی ممالک کے تجربات سے بھی رہنمائی لی جا سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی اداروں کی مضبوطی اور بحالی کے لیے وسیع مکالمہ ناگزیر ہے، جبکہ مقامی حکومتوں کو حقیقی اختیارات کی منتقلی بھی وقت کی اہم ضرورت ہے۔

سپیکر پنجاب اسمبلی نے زور دیا کہ منتخب نمائندوں کو آئین کے مطابق اپنا مؤثر کردار ادا کرنے کا موقع ملنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی حکومت کی اتحادی ہے اور موجودہ حکومت اس کے ووٹوں سے قائم ہے۔

ملک احمد خان نے مزید کہا کہ پاکستان اس وقت دہشت گردی جیسے سنگین چیلنجز سے دوچار ہے، جبکہ ففتھ جنریشن وار بھی ملک کی سلامتی کے لیے ایک بڑا خطرہ بن چکی ہے، جس سے نمٹنے کے لیے قومی اتحاد اور مضبوط ادارے ناگزیر ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button