دھرنے ختم کریں،مذاکرات کے دروازے کھلے ہیں،شہباز شریف کی پی ٹی آئی کو مشروط مذاکرات کی دعوت

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو مذاکرات کی مشروط دعوت دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ مارچ اور دھرنے ختم ہونے کے بعد ہی بات چیت کا عمل آگے بڑھ سکتا ہے۔ وزیراعظم نے خبردار کیا کہ احتجاج کی سیاست ملکی معیشت اور پاکستان کی عالمی ساکھ کو نقصان پہنچا سکتی ہے۔

وفاقی دارالحکومت میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ حکومت نے ڈھائی سال کی انتھک محنت اور ٹیم ورک کے ذریعے ملکی معیشت کو مستحکم کیا ہے۔ بڑی مشکل سے حاصل ہونے والا میکرو اکنامک استحکام برقرار رکھنا قومی مفاد اور پاکستان کی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔

وزیراعظم نے افسوس کا اظہار کیا کہ مذاکرات کو کامیاب بنانے کے لیے کی جانے والی کوششیں تاحال بارآور ثابت نہیں ہو سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت بات چیت کے لیے تیار ہے، تاہم مارچ اور دھرنوں کے خاتمے کے بعد ہی مذاکرات ممکن ہوں گے۔

شہباز شریف نے کہا کہ ایک جانب ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے، جبکہ دوسری جانب احتجاج کے باعث برآمدات، درآمدات اور مینوفیکچرنگ کے شعبوں کے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ دھرنوں اور احتجاج کی سیاست کا براہِ راست نقصان ملکی معیشت کو پہنچے گا۔

وزیراعظم نے اپوزیشن پر زور دیا کہ وہ ملکی حالات اور قومی مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے ذمہ داری کا مظاہرہ کرے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ ترقی کے پہیے کو دوبارہ جام کرنا کیا ملک دشمنی نہیں؟

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی معاشی بہتری اور عالمی ساکھ کا تحفظ اجتماعی ذمہ داری ہے اور سیاسی اختلافات کے باوجود ملکی ترقی کے سفر کو متاثر نہیں ہونا چاہیے۔

مزید خبریں

Back to top button