دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کا بجلی بریک ڈاؤن برقرار،کراچی کو100ملین گیلن پانی کی کمی

کراچی(جانو ڈاٹ پی کے) کے الیکٹرک کے سسٹم میں کیبل فالٹ کے باعث دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن تاحال دور نہ ہوسکا، جس کے نتیجے میں کراچی کو پانی کی فراہمی جزوی طور پر متاثر ہوگئی اور شہر کو اب تک 100 ملین گیلن پانی کی کمی کا سامنا ہے۔

ترجمان کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے مطابق اتوار کی صبح 6 بجے دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کے مختلف فیزز میں بجلی کی فراہمی معطل ہوئی۔ بجلی بند ہونے سے تھرڈ فیز، فورتھ فیز اور کے تھری پمپس ہاؤس متاثر ہوئے۔

بجلی کے بریک ڈاؤن کے باعث دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کے 21 میں سے 10 پمپس غیر فعال ہوگئے، جس سے شہر کے مختلف علاقوں کو پانی کی فراہمی متاثر ہوئی۔

واٹر کارپوریشن کے مطابق کے الیکٹرک نے متاثرہ کیبل کی مرمت اور اسے دوبارہ جوڑنے کا کام شروع کردیا ہے، جبکہ واٹر کارپوریشن حکام بجلی کی جلد بحالی کے لیے کے الیکٹرک انتظامیہ سے مسلسل رابطے میں ہیں۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ بجلی بحال ہوتے ہی دھابیجی کے متاثرہ 10 پمپس فوری طور پر فعال کردیئے جائیں گے اور کراچی میں پانی کی فراہمی معمول پر لانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔

بجلی کی طویل بندش کے باعث کراچی میں پانی کی قلت مزید بڑھنے کا خدشہ ہے، جبکہ شہریوں کو پانی کے استعمال میں احتیاط اور غیر ضروری ضیاع سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button