گوجرانوالہ میں دلہا کی گاڑی روک کر دلہن کو قتل کردیا،کیس سی سی ڈی کے حوالے
ولیمے سے واپسی پر دلہن صبا قتل،سابقہ شادی کی خواہش مبینہ طور پر خونریز واردات کی وجہ بن گئی

گوجرانوالہ (جانو ڈاٹ پی کے)پنجاب کے ضلع گوجرانوالہ میں ولیمے کی تقریب سے واپس گھر جاتے ہوئے دلہن صبا کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق واقعہ سمن آباد چونگی کے قریب پیش آیا، جہاں موٹر سائیکل سوار دو ملزمان نے دلہا سفیان کی گاڑی کو روک لیا۔
ایف آئی آر کے مطابق ملزم سرفراز اور اس کے نامعلوم ساتھیوں نے دلہن صبا پر اندھا دھند فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں اسے سینے اور پیٹ میں گولیاں لگیں۔ زخمی دلہن کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہوسکی۔
درج مقدمے میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ سرفراز صبا سے شادی کرنا چاہتا تھا اور مبینہ طور پر اسی وجہ سے اس نے فائرنگ کی۔ واقعے کے بعد خوشیوں بھرا گھر ماتم میں بدل گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ سی سی ڈی میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور واقعے کی تفتیش جاری ہے۔ سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے ملزمان کا سراغ لگانے کی کوشش کی جارہی ہے۔



