کرینہ کپور کا سنڈے جم روٹین سامنے آگیا، ورزش کے ساتھ دیسی گھی سے محبت بھی برقرار

ممبئی (جانو ڈاٹ پی کے)بالی ووڈ اداکارہ کرینہ کپور خان نے سوشل میڈیا پر اپنے اتوار کے ورزش کے معمول کی جھلک شیئر کردی، جس میں سخت ورزش کے ساتھ ان کی دیسی گھی سے محبت کا دلچسپ ذکر بھی شامل ہے۔
کرینہ کپور نے انسٹاگرام اسٹوری پر ایک وائٹ بورڈ کی تصویر شیئر کی، جس پر ان کی ورزش کی تفصیلات درج تھیں۔ اداکارہ نے تصویر کے ساتھ لکھا، ’’تھوڑا گھی، تھوڑی صحت، تھوڑی دولت۔۔۔ میرا سنڈے جم۔‘‘
ان کے ورزش کے معمول میں 10 راؤنڈز، 10 پلیٹ سنیچز، 10 کیٹل بیل پینڈولمز، 10 ہنج اوبلیک پل اوورز، 10 سومرسالٹ اسکواٹس اور 150 میٹر اسکیئنگ شامل تھی۔
کرینہ کی دیسی گھی سے محبت کا ذکر حال ہی میں ان کے شوہر سیف علی خان نے بھی ’دی گریٹ انڈین کپل شرما شو‘ میں کیا تھا۔ پروگرام کے میزبان کپل شرما نے جوڑے سے شادی کے 14 سال بعد بھی جوان اور تروتازہ نظر آنے کا راز پوچھا تو سیف نے مزاحیہ انداز میں اس کا کریڈٹ دیسی گھی کو دے دیا۔
کرینہ نے بتایا کہ ان کے گھر میں گھی باقاعدگی سے استعمال ہوتا ہے اور ان کے بیٹے تیمور اور جہانگیر بھی اسے کھاتے ہیں۔ سیف نے مذاقاً کہا کہ کرینہ گھی صرف کھاتی ہی نہیں بلکہ رات کو اپنے پاؤں پر بھی لگاتی ہیں۔ اداکارہ نے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اس سے انہیں اچھی نیند آتی ہے۔
گھی سے کرینہ کی محبت اس وقت بھی خبروں میں آئی تھی جب سیف علی خان نے ’کون بنے گا کروڑ پتی‘ کے 18ویں سیزن میں شرکت کے دوران دو سال کے لیے گووردھن گھی کی مفت فراہمی جیتی تھی۔
اسی پروگرام میں کرینہ نے بتایا تھا کہ سیف نے انہیں ممبئی، یونان اور پیرس میں شادی کی پیش کش کی تھی، جس کے بعد انہوں نے ہاں کردی۔ سیف نے ہنستے ہوئے کہا تھا کہ اگر کرینہ ممبئی میں ہی رضامند ہوجاتیں تو ان کے کافی پیسے بچ جاتے۔



