ڈینگی کیخلاف تھرپارکرمیں اہم میڈیکل کیمپ،80مریضوں کا معائنہ،8کیسز مثبت رپورٹ

تھرپارکر(میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے) ضلع تھرپارکر میں ڈینگی اور دیگر ویکٹر بون بیماریوں کی روک تھام کے لیے گاؤں گرڑا بہ، یونین کونسل گرڑا بہ، تعلقہ کلوئی میں 2 مئی 2026 کو ایک جامع میڈیکل کیمپ منعقد کیا گیا۔ یہ کیمپ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر لیکھراج سارنگانی کی ہدایات پر منعقد کیا گیا، جہاں محکمہ صحت کی ٹیم نے مقامی لوگوں کو مفت طبی سہولیات فراہم کیں۔
کیمپ کے دوران مجموعی طور پر 80 مریضوں کا معائنہ کیا گیا، جبکہ ڈینگی کی تشخیص کے لیے 80 NS1 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 8 مریضوں کے نتائج مثبت آئے، جنہیں مزید علاج کے لیے سول اسپتال مٹھی منتقل کر دیا گیا۔ ملیریا کی جانچ کے لیے 20 RDT ٹیسٹ بھی کیے گئے جو تمام منفی رہے۔ اس کے علاوہ سانس کی بیماریوں (ARI) اور جلدی انفیکشن کے مریضوں کو بھی علاج فراہم کیا گیا۔
محکمہ صحت کی VBD ٹیم نے گاؤں کے 15 گھروں کے 38 کمروں میں ان ڈور ریزیڈیول اسپرے (IRS) مکمل کیا، جبکہ یہ مہم آئندہ تین دن تک جاری رہے گی۔ ڈینگی سے متاثرہ اور خطرے والے گھروں میں مچھر دانیاں بھی تقسیم کی گئیں، جبکہ فوگنگ کے لیے جراثیم کش ادویات یونین کونسل انتظامیہ کے حوالے کی گئیں تاکہ پورے علاقے میں اسپرے کو یقینی بنایا جا سکے۔
کیمپ کے دوران آگاہی مہم بھی چلائی گئی جس میں مقامی لوگوں کو ڈینگی اور ملیریا سے بچاؤ کے احتیاطی تدابیر سے آگاہ کیا گیا۔
یہ کیمپ ڈاکٹر غلام محی الدین ڈیرُو (ڈی ڈی ایچ او وی بی ڈی) اور ڈاکٹر سترام داس روپانی (ڈی ڈی ایچ او کوریٹو) کی نگرانی میں منعقد کیا گیا، جبکہ ٹیم میں ڈاکٹر راہول، ڈاکٹر عبدالفتاح، گلاب رائے، پونم، محمد علی، نذیر اور نہچل شامل تھے۔
ضلعی محکمہ صحت کے مطابق ایسی مہمات آئندہ بھی جاری رکھی جائیں گی تاکہ ضلع سے ڈینگی اور دیگر مچھروں سے پھیلنے والی بیماریوں کا خاتمہ کیا جا سکے۔



