بصیر پور میں کھلی کچہری،شہریوں کو فوری انصاف کی یقین دہانی

دیپالپور(وسیم احمد غوری/ تحصیل رپورٹر /جانو ڈاٹ پی کے) ڈی پی او ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی نے بصیر پور سرکل میں کھلی کچہری کا انعقاد کرتے ہوئے شہریوں کے مسائل سنے اور ان کے فوری حل کے لیے موقع پر احکامات جاری کیے۔ کھلی کچہری تھانہ حویلی لکھا میں منعقد ہوئی جس میں مرد و خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور اپنے مسائل براہ راست ڈی پی او کے سامنے پیش کیے۔ اس موقع پر ڈی ایس پی بصیر پور سرکل سعید انور اور ایس ایچ او حویلی لکھا بھی موجود تھے۔ ڈی پی او نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ شہریوں کی درخواستوں پر فوری اور قانونی کارروائی کو یقینی بنایا جائے جبکہ انچارج کمپلینٹ انسپکٹر ریحانہ کوکب کو درخواستوں کا فالو اپ لینے کی بھی ہدایت جاری کی گئی۔ ڈی پی او کا کہنا تھا کہ کھلی کچہری کا مقصد عوام کو ان کی دہلیز پر انصاف فراہم کرنا ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔



