پنگریو میں پانی کی باری کا تنازع خونریز ہوگیا، 45 سالہ قاسم جونیجو جاں بحق

بدین(رپورٹ: مرتضیٰ میمن/جانو ڈاٹ پی کے) پنگریو کے قریب پانی کی باری کے تنازع پر جونیجو برادری کے دو فریقوں میں جھگڑے کے دوران 45 سالہ شخص قاسم جونیجو جاں بحق ہوگیا، واقعے کے بعد علاقے میں کشیدگی پھیل گئی۔
تفصیلات کے مطابق پنگریو کے نواحی گاؤں یوسف جونیجو میں پانی کی باری کے معاملے پر جونیجو برادری کے دو گروپوں کے درمیان تلخ کلامی کے بعد جھگڑا ہوگیا، جس کے نتیجے میں گاؤں کا معزز شخص قاسم جونیجو جان کی بازی ہار گیا۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر پنگریو پولیس فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور مقتول کی لاش کو پنگریو صحت مرکز منتقل کیا۔ ضروری کارروائی مکمل کرنے کے بعد لاش پوسٹ مارٹم کے لیے تعلقہ اسپتال ٹنڈو باگو منتقل کردی گئی۔
واقعے کے بعد دونوں فریقوں کے درمیان کشیدگی پیدا ہوگئی، جبکہ علاقے میں کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے پولیس کی جانب سے صورتحال پر نظر رکھی جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق واقعے کا مقدمہ تاحال درج نہیں کیا جا سکا، جبکہ پولیس کی جانب سے واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔



