پنجاب میں سی ٹی ڈی کی بڑی کارروائیاں، 13 دہشت گرد گرفتار، دھماکہ خیز مواد برآمد

لاہور (جانوڈاٹ پی کے) دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظر کائونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ پنجاب (سی ٹی ڈی ) نے صوبے کے مختلف شہروں میں 58 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کرتے ہوئے 13 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا۔

سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق کارروائیاں لاہور، ساہیوال، ملتان، جہلم، منڈی بہاؤالدین، جھنگ، چنیوٹ اور میانوالی سمیت مختلف علاقوں میں کی گئیں۔

لاہور سے فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے خطرناک دہشت گرد مختار کو گرفتار کیا گیا جس کا تعلق علاقہ غیر سے بتایا جاتا ہے۔ گرفتار افراد سے دھماکہ خیز مواد، 4 آئی ای ڈی بم، 8 ڈیٹونیٹر، 15 فٹ حفاظتی فیوز وائر، ممنوعہ مواد اور نقدی برآمد ہوئی۔

ترجمان کے مطابق گرفتار دہشت گردوں کی شناخت مختار احمد، یونس، فیروز خان، ولی، اویس، فرمان، مومن، عدنان، راجہ فیصل، رضا خان، غلام شبیر، راؤ ساجد اور مختار شاہ کے ناموں سے ہوئی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار افراد قانون نافذ کرنے والے اداروں کے دفاتر کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

مزید بتایا گیا کہ رواں ہفتے کے دوران 1487 کومبنگ آپریشنز کیے گئے جن میں 168 مشتبہ افراد کو گرفتار اور 53 ہزار سے زائد افراد سے پوچھ گچھ کی گئی۔

سی ٹی ڈی کے مطابق محفوظ پنجاب کے ہدف کے تحت دہشت گردی کے نیٹ ورک کے خاتمے کیلئے کارروائیاں جاری رہیں گی۔

مزید خبریں

Back to top button