اوکاڑہ پولیس کی ماہانہ کارکردگی رپورٹ جاری، جرائم میں کمی اور درجنوں گینگز کے خاتمے کا دعویٰ

اوکاڑہ: (رپورٹ: وحید آرائیں / جانو ڈاٹ پی کے) ضلع اوکاڑہ پولیس نے ماہِ مئی کی کارکردگی رپورٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ضلع میں جرائم کی شرح میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے، جس کے باعث امن و امان کی صورتحال میں واضح بہتری دیکھی گئی ہے۔

پولیس کے مطابق گزشتہ ماہ کے دوران مختلف جرائم میں ملوث 9 گینگز کا خاتمہ کیا گیا جبکہ ان گینگز کے 25 ارکان کو گرفتار کر کے 1 کروڑ 47 لاکھ روپے مالیت کا مسروقہ مال برآمد کیا گیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ کارروائیوں کے دوران ملزمان سے اسلحہ بھی بڑی مقدار میں برآمد کیا گیا، جس میں 53 پسٹل، 5 بندوقیں، 3 کلاشنکوف، 2 کاربین، 1 ریوالور اور 144 گولیاں شامل ہیں۔

منشیات کے خلاف کارروائیوں میں 104 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جن سے 33 کلو چرس، 1100 گرام آئس اور 1100 گرام افیون برآمد کی گئی۔ اس کے علاوہ 1840 لیٹر شراب، 230 لیٹر لہن اور 6 چالو بھٹیاں بھی برآمد کی گئیں۔

اشتہاری و عادی مجرمان کے خلاف کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 511 اشتہاری ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جن میں اے کیٹیگری کے 76 اور بی کیٹیگری کے 435 مجرم شامل ہیں۔ مزید برآں 32 عدالتی مفروران اور 59 ٹارگٹڈ آفینڈرز کو بھی حراست میں لیا گیا۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی نے کہا کہ ضلع بھر میں ایس او ایس ناکے، سرچ اینڈ کومبنگ آپریشنز اور کرائم ہاٹ اسپاٹس پر موثر گشت کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جرائم کے مکمل خاتمے کے لیے انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز اور کریک ڈاؤن مزید تیز کیے جائیں گے۔

ڈی پی او نے واضح کیا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور امن و امان کے قیام کے لیے ہر ممکن اقدام جاری رہیں گے۔

مزید خبریں

Back to top button