ضمنی بلدیاتی انتخابات میں کامیاب آزاد کونسلرز نے حلف اٹھا کر ایم کیو ایم میں شمولیت اختیار کر لی

میرپورخاص (شاھدمیمن) ٹاؤن کمیٹی میرواہ گورچانی کے ضمنی بلدیاتی انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے والے دونوں آزاد امیدواروں رانا بشیر احمد راجپوت اور برکت علی سموں نے حلف اٹھا لیا۔ حلف برداری کی سادہ مگر پروقار تقریب تعلقہ کمپلیکس شجاع آباد میں منعقد ہوئی-جہاں اسسٹنٹ کمشنر شجاع آباد میڈم مہوش اعجاز نے نو منتخب کونسلرز سے ان کے عہدوں کا حلف لیا۔تقریب میں ایم کیو ایم پاکستان سیکٹر میرواہ کے انچارج رانا اسحاق اویسی، جوائنٹ انچارج رانا ریاست علی، شاہد مجید، ڈاکٹر چودھری طاہر اشرف سمیت دیگر سیاسی و سماجی شخصیات بھی موجود تھیں۔حلف برداری کے فوراً بعد دونوں نو منتخب کونسلرز، رانا بشیر احمد راجپوت اور برکت علی سموں نے ایم کیو ایم پاکستان میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔ان کی شمولیت کو مقامی سیاسی حلقوں میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جس سے میرواہ گورچانی کی سیاست میں نئی ہلچل پیدا ہو گئی ہے۔واضح رہے کہ وارڈ نمبر 7 سے آزاد امیدوار رانا بشیر احمد راجپوت نے پاکستان پیپلز پارٹی کے حمایت یافتہ امیدوار راؤ محمد علی کو بھاری اکثریت سے شکست دی تھی جبکہ وارڈ نمبر 4 سے برکت علی سموں نے پیپلز پارٹی کے حمایت یافتہ امیدوار جمعہ خان سومرو کو واضح مارجن سے ہرایا تھا-سیاسی مبصرین کے مطابق دونوں کامیاب کونسلرز کی ایم کیو ایم پاکستان میں شمولیت سے ٹاؤن کمیٹی میرواہ گورچانی میں سیاسی صف بندیوں پر نمایاں اثرات مرتب ہونے کا امکان ہے۔



